الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیالکوٹ سے مزید 3 حلقوں کے حتمی نتائج روک دیے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں این اے 70 ،73 اورپی پی 45کی انتخابی عذرداریوں سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی۔ کمیشن نے تینوں حلقوں کے نتائج روک کر ریٹرننگ افسران سے رپورٹ طلب کرلی۔
وکیل درخواستگزار نے عدالت کو بتایا کہ فارم 45کے مطابق دونوں نشستوں پر آزاد امیدواروں کامیاب ہوئے، فارم 47 ترتیب دیتے وقت ڈی پی او نے دونوں آزاد امیداواروں کو گرفتار کیا، این اے 70 اور پی پی 45 کے نتائج امیدواروں کی غیرموجودگی میں جاری کیےگئے۔
این اے 73 کے امیدوار علی اسجد ملہی وکیل کے ہمراہ کمیشن میں پیش ہوئے، علی اسجد ملہی نے بتایا کہ رات ساڑھے دس بجے ہمیں نکال دیا تھا، اس کے بعد آر او تک ہماری رسائی نہیں ہے۔ 12 ہزار کی ہماری لیڈ تھی میں عوام کا منتخب نمائندہ ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے پوائنٹس نوٹ کرلیے ہیں اس پر فیصلہ کردیتے ہیں، انصاف کیا جائے گا۔