پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 9 کیلئے 19 میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔ ایونٹ کا آغاز 17 فروری سے لاہور میں ہوگا جبکہ ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں بھی میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ 9 کے پہلے مرحلے میں 17 سے 27 فروری تک لاہور اور ملتان میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ کراچی اور راولپنڈی میں 28 فروری سے 12 مارچ تک دوسرے مرحلے میں 16 میچز ہوں گے۔
پی سی بی نے میگا ایونٹ کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا، جس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے امپائرز شامل ہیں۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق 14 سے 18 مارچ تک کراچی میں ہونیوالے کوالیفائر، دو ایلیمنیٹرز اور فائنل کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
Meet our Umpires & Match Referees for #HBLPSL9!
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 12, 2024
Read more here ⬇️https://t.co/LI0jSHAdzZ#KhulKeKhel pic.twitter.com/ywLysoS2lz
آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز کے 4 ارکان رچرڈ النگورتھ، کرس گیفینی، احسن رضا اور مائیکل گف کے ساتھ علیم ڈار، طارق رشید، شوزب رضا، راشد ریاض، فیصل آفریدی، روچیرا پالیاگوروگے، آصف یعقوب، الیکس وارف، عبدالمقیت، محمد آصف، ناصر حسین اور عمران جاوید شامل ہیں۔
غیر ملکی امپائرز میں سے النگورتھ اس سے قبل لیگ کے 6 ایڈیشنز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، وہ اب تک پی ایس ایل کے 48 میچز کو سپروائز کرچکے ہیں۔
انگلینڈ کے گف نے بھی پی ایس ایل کے 4 ایڈیشنز کے 34 میچوں میں امپائرنگ کی ہے، وارف 11 میچز اور سری لنکا کے پالیا گوروگے تین میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے گیفینی 18 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ سپروائز کریں گے۔
سری لنکا کے روشن ماہناما جنہوں نے لیگ کے 97 میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیئے ہیں، وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے سابق رکن بھی ہیں، جو اپنے مسلسل نویں سال پی ایس ایل میں ہوں گے اور 3 میچ ریفریوں کی ٹیم کی قیادت کریں گے جن کے دیگر اراکین علی نقوی اور محمد جاوید ہیں۔
لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونیوالے افتتاحی میچ میں تجربہ کار امپائر علیم ڈار اور مائیکل گف امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ طارق رشید ٹی وی امپائر ہوں گے، شوذب رضا ریزرو امپائر اور میچ ریفری کے فرائض محمد جاوید سرانجام دیں گے۔