متحدہ عرب امارات کی ثالثی میںروس اور یوکرین کے درمیان نئے قیدیوں کے تبادلے کے ایک حصے کے طور پر 100 ، 100فوجیوں کو دو طرفہ طور پر رہا کر دیا ۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے بتایا کہ ہمارے 100 فوجی وطن واپس آگئے ہیں، اب تک روس کی قید سے 3 ہزار 135 یوکرینی باشندوں کو رہا کرایا جا چکا ہے۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ اور مذاکراتی عمل کے نتیجے میں 100 روسی فوجیوں کو کیف انتظامیہ کے زیر کنٹرول علاقوں سے واپس لے لیا گیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق اس کے بدلے میں یوکرین کی مسلح افواج کے 100 فوجیوں کو لوٹایا گیا ہے۔ روسی فوجیوں کو وزارت سے منسلک مرکزصحت میں علاج کیلئے طیاروں کے ذریعے دارالحکومت ماسکو پہنچایا جائے گا۔
وزارت کے مطابق رہائی پانے والے فوجیوں کو طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کی جاتی ہے۔متحدہ عرب امارات نے روسی فوجیوں کی رہائی کے عمل میں انسانی بنیادوں پر ثالثی کا کردار ادا کیا۔