ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعرات کے روز پاکستان بھر میں قومی اسمبلی کی 265 جنرل نشستوں جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 590 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔
پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 اور سندھ کی 130 ، بلوچستان کی 51 اور خیبرپختونخوا سمبلی کی 130 میں سے 128 نشستوں پر عوام کی جانب سے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا گیا۔
عام انتخابات کے لئے پولنگ کا وقت شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور مختلف حلقوں سے نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
سندھ کے ضلع سانگھڑ کے حلقہ این اے 210 کے 41 پولنگ سٹیشنز سے موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے کی امیدوار سائرہ بانو پہلے نمبر پر ہیں۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سائرہ بانو 11957 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار صلاح الدین 9854 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے رات 12 بجے تک الیکشن کے مکمل نتائج جاری کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔