الیکشن 2024ء سے صرف ایک روز پہلے نگران حکومت نے مالی سال 25-2024ء کا بجٹ شیڈول اور اپنی تجاویز پیش کردیں۔
وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی دستاویزات کو مئی میں حتمی شکل دے کر جون کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کی تجویز دی ہے، بجٹ شیڈول میں میڈیم ٹرم ٹارگٹس اور پرفارمنس بیسڈ بجٹ فارم جمع کروانے اور ٹیکس کے نظرثانی شدہ تخمینے اور بجٹ تخمینے پیش کرنے کیلئے 11 مارچ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
تجاویز کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کے اخراجات و بجٹ تخمینے اور بینک اکاؤنٹس و سرمایہ کاری کی تفصیلات بھی 11 مارچ تک جمع کروائی جائیں گی، ترقیاتی اخراجات کے نظرثانی شدہ اور بجٹ تخمینے پیش کرنے کیلئے بھی 11 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 17 مارچ کو نظرثانی شدہ اور بجٹ تخمینوں پر سفارشات پیش کی جائیں گی، 22 مارچ کو فنانس ڈویژن میں جائزہ کمیٹی کے اجلاس ہوں گے، مئی کے پہلے ہفتے میں سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اور قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس دوسرے ہفتے میں بلانے کی تجویز ہے۔
شیڈول میں کہا گیا ہے کہ بجٹ اسٹریٹیجی پیپر 22 مارچ تک وفاقی کابینہ سے منظور کروا کر بجٹ جائزہ کمیٹی کے اجلاس 22 مارچ سے 5 اپریل کے دوران منعقد کیا جائے۔