عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے نجی جیٹ کو ٹریک کرنے والے طالبعلم کیخلاف مقدمے کی دھمکی دے دی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق مشہور شخصیات کے پرائیویٹ جیٹ طیاروں کا سراغ لگانے والے ایک طالبعلم کا کہنا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے وکلاء نے ان کی فلائٹ کی معلومات آن لائن شیئر کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
جیک سوینی نامی طالبعلم مشہور شخصیات سے تعلق رکھنے والے طیاروں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کو ٹریک کرنے کے لیے عوامی طور پر دستیاب ڈیٹا کا استعمال کرتا ہے اور ایک دن بعد انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتا ہے تاہم، سوئفٹ کے وکلاء کا دعویٰ ہے کہ ٹریکنگ "سٹاکنگ" کے مترادف ہے۔
سوئفٹ کے وکلاء نے یونیورسٹی آف سنٹرل فلوریڈا کے 21 سالہ طالب علم سوینی کو ایک سیز اینڈ ڈیسٹ لیٹر جاری کیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پرائیویٹ جیٹ کی لوکیشن شیئر کرنا بند کر دیں۔
دسمبر میں جاری ہونے والے اس خط میں کہا گیا کہ یہ معلومات سوئفٹ کی حفاظت کے لیے خطرہ ہیں۔
خیال رہے کہ جیک سوینی نے کئی مشہور شخصیات کی نجی پروازوں کو ٹریک کیا ہے جن میں مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس، ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ شامل ہیں۔