غزہ کے لیے پاکستان سے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ روانہ کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے غزہ کی مظلوم عوام کے لیے امداد ی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے، فلسطینیوں کی مدد کے لئے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی ائیر پورٹ سے روانہ کر دی گئی۔
سامان روانگی کی تقریب میں پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر،این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے افسران نے امدادی سامان کی روانگی تقریب میں شرکت کی۔
خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، امدادی سامان کی وصول کے بعد تقسیم کے لئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔
امدادی سامان کی چھٹی کھیپ 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل ہے جس میں 30 ٹن موسم سرما کے لیے خیمے اور کمبل جبکہ 70 ٹن طبی سامان اور خشک خوراک شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے اب تک غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لئے پانچ پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 230 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے، امدادی سامان میں غزہ کے مصیبت زدہ عوام کے لیے موسم سرما کے لیے خصوصی خیمے، کمبل، سرجیکل سامان، ادویات اور فوڈ پیکس شامل تھے۔
پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔