پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کھلے سمندر میں بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے نو بھارتی شہریوں کی جان بچالی ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سمندر میں پھنسی ایس اے ایس فائیو نامی کشتی میں فنی خرابی کے باعث انجن مکمل طور پر بند ہو گیا تھا، پاک بحریہ کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کو سمندر میں پھنسی کشتی کی ہنگامی کال موصول ہوئی جس پر کشتی کی سرچ اینڈ ریسکیو کیلئے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ اور پی ایم ایس ایس کشمیر کو مامور کیاگیا۔۔
ریسکیو ٹیم نے کشتی کو تلاش کرکے تکنیکی مسئلہ دور کیا اور عملے کو طبی امداد فراہم کی، عملے نے پاک بحریہ اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے کشتی چوبیس فروری کو بھارتی بندرگاہ دابھول سے شارجہ کیلئے روانہ ہوئی تھی۔