پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میرین اور لاجسٹک سیکٹرز میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے تجارتی معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کراچی پورٹ ٹرسٹ پاکستان اور ابوظہبی پورٹس گروپ یو اے ای کے مابین معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں موجود تھے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ ایک تجارتی معاہدہ ہے جو کراچی بندرگاہ کے ایسٹ وہارف کی سات برتھوں پر بلک اور جنرل کارگو ٹرمینل کے آپریشن کی آئوٹ سورسنگ سے متعلق ہے۔ اس کا مقصد میرین اور لاجسٹک کے شعبوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
اس موقع پر نگران وزیرمواصلات، ریلوے و میری ٹائم افیئرز شاہد اشرف تارڑ اور متحدہ عرب امارات کے وزیر تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی، پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الزابی اور دونوں ممالک کے حکام موجود تھے۔ اس موقع پر نگران وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی شعبہ میں تعاون و بات چیت اور تبادلوں میں اضافہ پر اطمیان کا اظہار کیا۔