الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس لیتے ہوئے مختلف امیدواروں پر جرمانے عائد کر دیئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کوہاٹ کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کی گئی ہیں اور مختلف امیدواروں کو جرمانے اور ازخود طلب کرلیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 سے الیکشن لڑنے والے آزاد امیدوار نور اسلم آفریدی کو 5 ہزار جرمانہ کیا گیا جبکہ اسی حلقہ سے آزاد امیدوار فواد اللہ خان آفریدی کو 10 ہزار جرمانہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار یعقوب خان پر 5 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ آزاد امیداور پی کے 90 جنید اللہ آفریدی کو بھی 10 ہزار جرمانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمز نے ممنوعہ تشہیری ہورڈنگز اور مواد بھی ہٹائے ہیں۔