ملک بھر میں اسمگلرز اور بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے۔ حکومتی فیصلے کے پیشِ نظر ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف موثر کاروائیوں کے ثمرات نظر آنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق 21 تا 28 جنوری کے دوران ملک بھر سے مزید 1.81 بلین روپے وصول اور 176 افراد گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ مجموعی طور پر اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، گوجرانولہ اور ملتان سے 0.942 بلین روپے وصول کئے جا چکے ہیں۔ لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان سے مجموعی طور پر 79 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔
پشاور اور نئے ضم شدہ اضلاع سے 0.328 بلین روپے وصول کئے جا چکے ہیں جبکہ پشاور سے 27 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، حیدرآباد اور سکھر سے مجموعی طور پر 0.45 بلین روپے وصول کئے جا چکے ہیں جبکہ سکھر سے 70 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ کوئٹہ سے 0.09 بلین روپے وصول کئے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق یکم ستمبر سے اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق 43023 افراد گرفتار اور 70.20 بلین روپے وصول کئے جا چکے ہیں، متعلقہ حکومتی ادارے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔