سوڈان کے متنازع علاقے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے اقوام متحدہ کے امن فوجیوں پر حملے میں پاک فوج کا سپاہی محمد طارق شہید ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں امن دستے کے دو اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی بھی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کو سوڈان کے علاقے ابی میں اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب امن دستےمقامی مریضوں کو اسپتال لے جا رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستانی امن دستوں نے مؤثر جواب دے کر عسکریت پسندوں کو پسپائی پر مجبور کردیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوجی محمد طارق شہید جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دنیا میں امن کیلئے اب تک 181 پاکستانی سیکیورٹی اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں پاکستان عالمی امن اور استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔