میکسیکو کے ایک ایئرپورٹ پر حکام نے طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھول کے اُس کے پروں پر چہل قدمی کرنیوالے مسافر کو گرفتار کرلیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں حراست میں لئے جانے والے مسافر نے یہ اقدام اُس وقت کیا جب گوئٹے مالا سٹی جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق طیارے میں موجود مسافروں نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک پرواز تاخیر کا شکار ہوئی اور اس دوران جہاز کا ایئرکنڈیشنڈ نظام بند تھا جبکہ عملے کی جانب سے پانی بھی فراہم نہیں کیا گیا، ایسے میں متعدد افراد حبس اور گھٹن کا شکار تھے۔
میکسیکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ اس دوران کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن مذکورہ مسافر کو پولیس کے حوالے کیا گیا، طیارے کے دیگر مسافروں نے حراست میں لئے گئے شخص کے حق میں تحریری بیان جاری کیا اور کہا کہ ہر ایک اُن کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو دن ساڑھے 11 بجے اُس وقت پیش آیا جب ایرو میکسیکو کی میکسیکو سٹی سے پرواز مقررہ وقت سے 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرواز میں تاخیر طیارے کے مرمتی کام کی وجہ سے ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق حراست میں لئے گئے مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم اس کے اقدام کے بعد حکام نے وضاحت کی کہ طیارے کو تبدیل کیا جارہا تھا۔
یہ واضح نہیں کہ مذکورہ مسافر کو رہا کر دیا گیا یا اُس پر کوئی فردِ جرم عائد کی گئی۔
حراست میں لئے گئے مسافر کیلئے ساتھی مسافروں کے ہاتھ سے لکھا گیا نوٹ سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا، اس بیان میں مسافروں کے نام اور دستخط بھی ہیں جس پر لکھا گیا ہے کہ اس نے ہماری زندگیاں بچائیں۔