چین کے ہائی اسکول طلبہ کی ایک ٹیم نے دنیا کا سب سے بڑا ریموٹ کنٹرول کاغذی جہاز تیار کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شین ژین ژیلی مڈل اسکول کے طلبہ نے تقریباً چھ ماہ کی محنت کے بعد ایک دیوہیکل مگر مکمل طور پر فعال آر سی کاغذی جہاز تیار کیا۔
6 اعشاریہ 06 میٹر چوڑے پروں اور 5 اعشاریہ 06 میٹر لمبے فیوزلاج کے حامل اس جہاز کا رواں ماہ کامیاب تجربہ کیا گیا۔ یہ طیارہ تقریباً 15 منٹ تک فضا میں پرواز کرتا رہا اور بعد ازاں کامیابی سے لینڈ کرگیا۔
منصوبے کے چیف ڈیزائنر اور پائلٹ Zhou Junjie نے بتایا کہ ٹیم نے کاغذی جہاز کے بنیادی اصولوں کو جدید انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ ملا کر ایک غیرمعمولی اور مستحکم ماڈل تیار کیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ اکتوبر میں ژو جونجیے اور ان کی ٹیم نے چائنا انٹرنیشنل ایئرکرافٹ ڈیزائن چیلنج میں چیمپئن شپ بھی جیتی تھی، جس کے بعد انہیں مزید بڑے منصوبے پر کام کرنے کا اعتماد ملا۔
تحقیق کے دوران طلبہ کو معلوم ہوا کہ بغیر پائلٹ کے ریموٹ کنٹرولڈ کاغذی جہازوں میں 6 میٹر سائز کا کوئی ماڈل موجود نہیں، جس کے بعد انہوں نے دنیا کا سب سے بڑا آر سی کاغذی جہاز بنانے کا ہدف مقرر کیا۔
اسکول کے ماڈل ایئرکرافٹ کلب کے انسٹرکٹر Zhou Guiyun کے مطابق اس منصوبے کا سب سے بڑا چیلنج جہاز کا غیرمعمولی سائز تھا کیونکہ بڑے طیاروں میں زاویے اور مرکزِ ثقل میں معمولی تبدیلی بھی استحکام اور لفٹ کو متاثر کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیم کے ارکان کی اوسط عمر صرف 16 برس تھی، تاہم انہوں نے ایسے انجینئرنگ چیلنجز پر قابو پایا جو ماہرین کیلئے بھی مشکل سمجھے جاتے ہیں۔





















