خیبرپختونخوا کے2اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانیوالی خفیہ کارروائیوں میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک اور 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں آپریشن کیا گیا ، اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔
جاری بیان کے مطابق یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے جن میں 31 اگست 23 کو جانی خیل کے مقام پر فوجی قافلے پر موٹر سائیکل سوار خودکش حملے میں سہولت کاری شامل تھی ،جس میں پاکستان کے 9 بہادر بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسی طرح شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک اور آپریشن میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید مقابلے میں دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا،ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
بیان کے مطابق علاقے میں اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ دہشتگردوںکے خاتمہ کیلئے آس پاس کے علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔