آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی، کیویز کو دس وکٹوں سے بآسانی شکست دیدی۔
جنوبی افریقا کے شہر ایسٹ لندن میں ہفتہ کو کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے اپنے تیسرے گروپ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے بآسانی شکست دے کر شاندار کامیابی اپنے نام کرلی۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو انتہائی غلط ثابت ہوا اور کیویز پاکستان کو جیت کیلئے 141 رنز کا ہدف دے سکے، جو اوپنرز شاہزیب خان اور شمائل حسین نے 25.2 اوورز میں بڑی آسانی سے حاصل کرلیا، شاہزیب نے 80 اور شمائل نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔
نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 38 اوورز میں صرف 140 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے دو میڈن اوورز سمیت 5 اوورز میں صرف 6 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ نے بھی 3 شکار کئے، علی اسفند اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹورنامنٹ میں دوسری بار شاہ زیب خان کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، گروپ ڈی میں پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے، اس سے قبل قومی ٹیم نے افغانستان کو 181 رنز کے بڑے مارجن جبکہ نیپال کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔