بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف نیب مقدمات سننے والے جج محمد بشیر نے چھٹی کی درخواست واپس لے لی۔ وزارت قانون و انصاف نے جج محمد بشیر کی رخصت کی درخواست منظور نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے رخصت کی درخواست منظور نہیں کی، جس کی وجہ سے درخواست واپس لی گئی۔ جج محمد بشیر نے بیماری کے باعث24 جنوری سے14 مارچ تک چھٹی کی درخواست دی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ اور وازرت قانون انصاف کو لکھے گئے خط میں جج محمد بشیر کا کہنا ہے کہ طبعیت کی ناسازی کے باعث ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتا۔ جج محمد بشیر مدت ملازمت مکمل ہونے پر 14 مارچ2024ء کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جج محمد بشیر کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کے دو ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔