اڈیالہ جیل میں قید سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی طبیعت ناساز ہوگئی۔ جیل سے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا۔
جیل انتظامیہ شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے لے کر آر آئی سی پہنچی جہاں اُن کا طبی معائنہ کیا گیا۔ شیخ رشید نے گزشتہ روز چیک اپ کی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے آر آئی سی سے طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی۔
سابق وزیر داخلہ کے خلاف تھانہ نیو ٹاؤن میں سانحہ 9 مئی کے حوالے سے درج مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی تھی جس کے باعث انہیں گزشتہ ہفتے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل لایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی کئی روز سے طبیعت خراب تھی اور گزشتہ روز بھی عدالت نے انہیں کارڈیالوجی اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی گئی تھی جب کہ رات گئے طبیعت زیادہ خراب ہونے پر آج صبح انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔