زیر گردش کرنسی کے حجم میں گذشتہ ہفتہ کے دوران 0.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 12 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتہ میں زیر گردش کرنسی کا حجم 8658 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.7 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل زیر گردش کرنسی کا حجم 8597 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ زر وسیع میں گذشتہ ہفتہ کے دوران 0.6 فیصد کی کمی ہوئی۔ 12 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتہ میں زر وسیع کا حجم 32 ہزار 193 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ میں 32 ہزار 403 ارب روپے تھا۔
بینکوں کے پاس مجموعی ڈیپازٹس کا حجم 23 ہزار 421 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 1.1 فیصد کم ہے۔ پیوستہ ہفتہ میں بینکوں کے پاس مجموعی ڈیپازٹس کا حجم 23 ہزار 686 ارب ریکارڈ کیا گیا تھا۔