لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (لمز) نے موبائل پر نہروں کی نگرانی کیلئے بنائے گئے ایپلی کیشن سے متعلق متعلقہ حکام کے ساتھ تربیتی اجلاس کا انعقاد کیا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (لمز) میں پنجاب کے متعلقہ افسران، جن میں سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی اور تمام کمشنر صاحبان شامل ہیں، کے ساتھ تربیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق یہ تربیتی اجلاس پنجاب کی نہروں کی بھل صفائی کو احسن طریقے سے سرانجام دینے کیلئے منعقد ہوا۔ جس میں شرکاء کو بھل صفائی کی نگرانی کے لیے مختص کردہ ایپلی کیشن کی تربیت دی گئی۔
اجلاس کا آغاز ڈائریکٹر جنرل گرین کارپوریٹ انیشییٹو کی ابتدائی تصریحات سے کیا گیا، اجلاس میں گرین کارپوریٹ انیشییٹو کی مجموعی زرعی سر گرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں لِمز کے تکمیل کردہ تکنیکی نظام کو سراہا گیا اور مشترکہ کاوشوں سے اس مہم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی، بھل صفائی کا یہ سلسلہ اگلے پانچ سے چھ ماہ تک جاری رہے گا۔