پاکستان کے سابق آل راونڈر شعیب ملک نے ثناء جاوید کے ساتھ زندگی کی نئی اننگ کا آغاز کر لیاہے اور ثانیہ مرزا سے ان کی طلاق کی تصدیق بھی ہو گئی ہے لیکن ماضی میں جس طرح شعیب ملک کو ثانیہ سے محبت ہوئی اور پھر شادی کی داستان نہایت ہی ڈرامائی اور کسی فلمی کہانی سے کم نہیں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل اکٹھے دیئے گئے انٹرویو میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے تعارف سے لے کر شادی تک کے سفر کی داستان سنائی ۔ ثانیہ مرزا نے بتایا تھا کہ پہلی ملاقات تو بہت پہلے ہوئی تھی، یہ لوگ میرے خیال سے کھیل رہے تھے بھارت میں شاید 2005 یا پھر 2004 کی بات ہے، میں اس وقت دلی میں فیڈریشن کپ کھیل رہی تھی، میں اور پاکستان ٹیم ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے، میں نیچے جم میں سے نکل رہی تھی تو کسی صحافی نے ایک رسمی سی ملاقات کروائی تھی، اس کے بعد ہم تین چار سال نہیں ملے۔ شعیب ملک نے کہا کہ ’ثانیہ کو بیوی بنانے کے لیے کوئی ایسا شارٹ نہیں کھیلا، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں ، یہ بڑوں سے سنا ہے اور جب خود کی شادی ہوئی تو پتہ بھی چل گیا۔
شعیب ملک کا مزید کہنا تھا کہ اس کے سات سال بعد سال 2010میں ہماری دوسری ملاقات بھی آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں ہوئی اور صرف چار ماہ بعد ہمارا نکاح ہوگیا۔ میزبان کی جانب سے شعیب ملک سے سوال کیا گیا کہ شادی کے بعد آپ کی ثانیہ کے ساتھ کھیلنے کی کچھ تصاویر بھی سامنے آئی تھیں، جس کے جواب میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹریننگ ہم دونوں ساتھ ہی کرتے ہیں کیونکہ یہ فٹنس کیلئے بھی بہت ضروری ہے۔ثانیہ مرزا کا شعیب ملک کی فٹنس سے متعلق کہنا تھا کہ یہ جتنے فٹ نظر آتے ہیں اتنے ہیں نہیں۔