خیبرپختونخوا کے پرفضا مقام ایلم میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کے تعاون سے بونیر، سوات میں دو روزہ ایلم ونٹر فیسٹول اختتام پذیر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آج سے 10 سال پہلے تک دہشت گردوں کی کارروائیوں کے مرکز علاقوں میں پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت خوشیاں لوٹ آئی ہیں۔ سوات اور مالاکنڈ میں سیاحت عروج پر پہنچ گئی۔
بونیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے ونٹر فیسٹول میں پاکستان بھر سے 110 بائیکس اور 60 جیپوں نے حصہ لیا۔ جیپ اینڈ بائیک ریلی کے شرکاء نے پنجاب سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور مردان سے گذرتے ہوئے بونیر پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایلم ونٹر فیسٹول کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے۔ تقریب میں پیرا گلائیڈرز نے شاندار مظاہرہ کیا اور شائقین سے داد وصول کی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ فرنٹیئر کور کی مارشل ڈانس پارٹی نے خٹک ڈانس پیش کیا۔
فیسٹول کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور نے کھلاڑیوں میں سرٹیفیکیٹ، شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ شرکاء نے ایوینٹ کے انعقاد پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔
خاتون سیاح کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں آکر سرپرائز ملا کہ یہ کتنا پرامن علاقہ ہے۔ پاک فوج کی وجہ سے ہی یہ علاقہ اب پرامن ہے۔ مقامی سکھ شہری نے کہا کہ آج بونیر میں اس ایوینٹ کے انعقاد پر میرے خوشی کے آنسو نکل رہے ہیں۔