پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ واحد سیاستدان ہوں جو عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، باقی تمام سیاستدان خلائی مخلوق سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔
پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں عام انتخابات 2024 کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اتنی ٹھنڈ میں یہاں موجود ہونے پرسب کا شکر گزار ہوں، الیکشن کے سلسلے میں دسمبر سے انتخابی مہم جاری ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پی پی کے مختلف کنونشنز ہوئے، گوجرانوالہ ، کوئٹہ اور سندھ کے مختلف ڈسٹرکٹ میں بھی مہم ہوئی۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ میں قائد عوام شہید ذوالفقار بھٹو کا نواسہ ہوں، مجھے سکھایا گیا ہے طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اس وقت عوام بہت مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں، ملک میں تاریخی معاشی بحران ہے، تیزی کے ساتھ مہنگائی ، بیروگازی اور غربت بڑھتی جارہی ہے اور ان کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کا خطرہ ایک بار پھر نظرآرہا ہے، دہشت گردوں نے سر دوبارہ اٹھانا شروع کردیا ہے، پاکستان کیخلاف عالمی سازشیں اٹھ رہی ہیں، میرا ساتھ دیں ، تمام مسائل کا حل مل کر نکالیں گے، خلوص نیت سے کام کریں گے تو ضرور کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کیلئے عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے، عوامی معاشی معاہدے میں10 نکات ہیں، اگر 10 نکات پر عملدرآمد کرتے ہیں تو بیروزگاری،غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے، پیپلزپارٹی غریب ، مزدوروں ، کسانوں کی نمائندگی کرتی ہے، باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، جب بھی حکومت میں آتے ہیں امیروں کوریلیف اور غریبوں کو تکلیف پہنچاتے ہیں، میرا ساتھ دیں پہلی بار اشرافیہ کو تکلیف پہنچائیں گے،غریب کو ریلیف پہنچائیں گے۔