قومی پیغام امن کمیٹی نے کل یوم تعظیم حرمین شریفین و تحفظ الاقصیٰ، یوم القدس، یوم الاقصیٰ کے عنوانات پر اجتماعات منعقد کرنے کا اعلان کر دیاہے اور عوام سے اپیل کی کہ تمام اجتماعات اور جلوسوں کو پرامن رکھا جائے ۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر اشرفی نے دیگر علماء کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جس دوران امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یگانگت کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
اعلامیے میں مختلف مسالک اور مسلم ممالک کے درمیان وحدت و اتحاد کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان ہم آہنگی کو سراہا گیا۔
فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور مسجد الاقصیٰ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ علما نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور دیگر مقدس مقامات کا تحفظ پوری امتِ مسلمہ کی مذہبی ذمہ داری ہے۔
تمام مکاتبِ فکر کے علما نے فرقہ واریت کو مسترد کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ وارانہ انتشار پھیلانے کی کوششوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور وزارت داخلہ سے اس حوالے سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے امت مسلمہ میں تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں، اس صورتحال میں علما اور ریاست کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان کو ایٹمی مسلم ریاست اور امت کا فخر قرار دیتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان یکجہتی پر زور دیا گیا۔
فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ملک بھر میں “یومِ تحفظِ حرمین شریفین”، “یوم القدس” اور “یوم الاقصیٰ” کے عنوان سے اجتماعات منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔





















