نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان اور دبئی کی حکومت نے مواصلات، ریلوے اور بحری امور کے شعبوں میں تعاون کیلئے بین الحکومتی فریم ورک معاہدوں پر دستخط کر دیئے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کی تزویراتی اہمیت پر زور دیا جو مشترکہ ثقافتی ورثے اور مشترکہ مفادات سے جڑے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی رابطوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کی قیادت اور عوام کیلئے انتہائی احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور سعودی وزیرخارجہ نے ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات علاقائی استحکام کا ذریعہ ہیں۔
دوسری جانب پاکستان اور دبئی کی حکومت نے مواصلات، ریلوے اور بحری امور کے شعبوں میں تعاون کیلئے بین الحکومتی فریم ورک معاہدوں پر دستخط کر دیئے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے 54ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں قائم ملٹی نیشنل لاجسٹک کمپنی ”ڈی پی ورلڈ‘‘ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کاروباری اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی اہمیت کا ذکر کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے میں ڈی پی ورلڈ کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور کمپنی کو حکومت کی طرف سے بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے محور کے طورپر اپنی جغرافیائی اور اقتصادی وژن سے استفادے کیلئے شراکت دار اداروں کو سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم نے مواصلات، ریلویز اور بحری امور کی وزارتوں اور دبئی کی حکومت کے درمیان تعاون کیلئے بین الحکومتی فریم ورک معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی جس میں دبئی حکومت کی طرف سے ڈی پی ورلڈ نے نمائندگی کی۔
معاہدوں کے تحت پاکستان میں مربوط فریٹ کوریڈور، ملٹی ماڈل لاجسٹک پارک اور ریلوے نیٹ ورک پر مال برداری کے ٹرمینلز کے قیام کے ساتھ ساتھ ساحلی اقتصادی زون کے قیام اور پورٹ قاسم میں نیوی گیشن چینل کی ڈریجنگ کے امور میں تعاون کیا جائے گا۔