صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی و علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ایران کے سیستان و بلوچستان صوبے میں پاکستان کی کارروائی سے متعلق بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ایرانی شہریوں کو جانی نقصان سے بچاتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی، کہا دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے، خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔
صدرمملکت نے مزید کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتاہے، پاکستان دیگر ممالک سے بھی یہی توقع رکھتاہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں،مسائل کو مذاکرات اور باہمی مشاورت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔