استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، انتخابات میں کامیابی کے بعد عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے۔
بدھ کے روز سابق ممبر پنجاب اسمبلی ( ایم پی اے ) رانا محمد اقبال نے قومی اسبملی کے حلقہ این اے 117 سے امیدوار اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی ہے اور ان کا بھرپور ساتھ دینے اور انتخابی دفتر کھولنے کا اعلان بھی کیا۔
ملاقات کے دوران رانا محمد اقبال کا کہنا تھا کہ این اے 117 میں عبدالعلیم خان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
اس موقع پر صدر آئی پی پی کا کہنا تھا کہ شاہدرہ کے عوام کی ترقی اور بہتری کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، ہر یونین کونسل میں تعلیم، صحت اورصحت عامہ کے شعبوں میں بہتری لائیں گے۔
عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ 22 سال کی سیاست عوام کی خدمت اور شہریوں کے مسائل کے حل پر مبنی ہے۔