سپریم کورٹ نے امریکا میں ہونے والی شادی اور پھر خلع لینےکے کیس کے حواے سے پاکستان کے شہری کی اپیل خارج کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا، سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ اسلام میں عورت کو خلع لینے کا حق حاصل ہے۔ اگر جوڑے میں ہم آہنگی نہ ہو تو اسلام علیحدگی کی اجازت دیتا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ خاتون امریکا کے ساتھ پاکستانی شہریت بھی رکھتی ہیں، ریکارڈ کے مطابق خلع لینے کے بعد خاتون نے امریکا میں دوسری شادی کرلی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ سندھ ہائیکورٹ کا خلع لینے کے حق میں فیصلہ قانون کے مطابق درست ہے، خلع کے باوجود غیرضروری طور پر سابق اہلیہ کو قانونی چارہ جوئی میں گھسیٹا گیا جبکہ درخواست گزارنے بھی پاکستان میں دوسری شادی کرنے کی کوشش کی۔