گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کردیا۔
آٹھ فروری کو ہونے والےعام انتخابات کےباعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد سیاسی جماعتوں ،اُن کے نامزد امیدواروں اوردیگر متعلقہ موضوعات کے بارے میں آن لائن معلومات تلاش کررہے ہیں، اس حوالے سے پاکستانیوں کی معلومات تک آسان رسائی اورفراہمی کیلئے گوگل نے"گوگل ٹرینڈز پاکستان جنرل الیکشن " کے نام سے ایک صفحہ متعارف کرایا ہے جو انتخابات میں حصہ لینےوالی جماعتوں کے بارے میں سوالات، موضوعات اور دلچسپیوں کے حوالے سے معلومات کو پیش کرتا ہے۔
اس صفحے پرملک کے ہرحصے میں،انتخابات کے حوالے سے تلاش کیے جانے والے ٹاپ موضوعات مثلاً معیشت، ٹیکس اور اجرتوں کےبارے میں اعداد و شمار شامل ہیں۔گوگل ٹرینڈزپیچ کے تمام چارٹس کو کسی بھی ویب سائٹ پر شامل کیا جا سکتا ہے جہاں یہ خود بخود اپ ڈیٹ بھی ہوتے رہیں گے۔
گوگل نےوضاحت کی ہےکہ گوگل ٹرینڈزکی جانب سے پاکستان میں متعارف کردہ یہ صفحہ عام انتخابات کےحوالے سے کسی قسم کا سروے نہیں ہے اورنہ ہی ووٹنگ کے بارے میں رجحانات کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ صفہ محض وقت گزرنے کے ساتھ مقامی سطح پرمخصوص موضوعات کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی اور تلاش کو ظاہر کرتا ہے۔ کسی خاص سوال میں اضافہ، اس بات کی عکاسی نہیں کرتا کہ کوئی سیاسی جماعت کسی بھی معنوں میں ”زیادہ مقبول“ ہے یا ”جیت “ رہی ہے۔