پاکستان میں کرونا وائرس ایک بار پھر پھیلنے لگا، نئے ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا، بیرون ملک سے کراچی آنیوالے مزید 6 مسافروں کا ایئرپورٹ پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آگیا۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے مزید 6 مسافروں کا جناح انٹرنیشنل ٹرمینل پر کرونا کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آگیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جدہ سے کراچی آنیوالے 50 سالہ شخص کا تعلق مینگورہ سوات، 27 سالہ مسافر کا تعلق میرپور ماتھیلو ضلع گھوٹکی سے ہے جبکہ ریاض سے آنیوالے 22 سالہ مسافر کا تعلق مینگورہ سوات اور 40 سالہ مسافر کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ریاض سے آنیوالا پانچواں مسافر 22 سالہ شخص چارسدہ کا رہائشی ہے، 68 سالہ چھٹا مسافر جیکب آباد کا رہائشی اور جدہ سے کراچی آیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو کوویڈ 19 کا ممکنہ علامات کے پیش نظر ٹیسٹ کیا گیا تھا، اب تک بیرون ملک سے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والے 15 مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ 15 مثبت کیسز میں سے 11 مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ بھی مثبت آچکے ہیں، دیگر 4 کے نتائج آنا باقی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن 11 مسافروں کے مثبت پی سی آر ٹیسٹ آئے ان میں سے 2 افراد کے جے این ون ویرینٹ کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے، اب تک جے این ون ویرینٹ کے 7 مثبت کیسز میں سے 2 بیرون ملک جبکہ 5 مقامی ہیں۔
جے این ون ویرینٹ سے متعلق محکمہ صحت سندھ الرٹ ہے، سندھ کے تمام ڈی ایچ اوز، ٹی ایچ کیوز اور اسپتالوں میں ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کوویڈ 19 کا نیا ویرینٹ جے این ون گزشتہ کوویڈ 19 کے جیسا طاقتور نہیں، عوام سے اپیل ہے کہ وہ کوویڈ 19 کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔