اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو تنخواہوں کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی۔
نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر منصوبہ بندی کی جانب سے معاشی اشاریوں اور مہنگائی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو بجٹ میں سے ابتدائی 6 ماہ کی تنخواہ دینے کی ہدایت کی گئی۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ موجودہ مالی سال اسٹیل ملز کیلئے10 ارب روپے کا بجٹ مختص ہے، ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی ماہانہ بنیاد پر کی جائے گی۔
وزارت توانائی کی فنانسنگ ریٹس سے متعلق سمری آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ناجائز منافع خوری پر قابو پانے کی ہدایت کرتے ہوئے گندم اور چینی سمیت غذائی اشیاء کے ذخائر اور کھپت کی رپورٹ طلب کرلی۔
اجلاس کے دوران وزارت غذائی تحفظ کو اہم اشیاء کی قیمتوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت اور غذائی اجناس کی ہول سیل و ریٹیل قیمتوں کو چیف سیکرٹریز کے ذریعے مانیٹر کرنے پر زور دیا گیا۔