افغان کرکٹ ٹیم کو بھارت کیخلاف ٹی 20 سیریز سے قبل اسٹار آل راؤنڈر راشد خان انجری کا شکار ہو کر تینوں میچوں سے باہر ہوگئے۔
بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کا آغاز کل (11 جنوری) سے ہورہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے مایہ ناز اسپنر راشد خان کمر میں تکلیف کے باعث بھارت کیخلاف سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔
راشد خان کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے دوران ہی کمر کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد سے اب تک راشد خان ایکشن میں نظر نہیں آئے۔
Afghanistan captain Ibrahim Zadran has confirmed that Rashid Khan will not take any part as a player in the three-match T20I series against India.#INDvAFG pic.twitter.com/MohsH0Wn8k
— Circle of Cricket (@circleofcricket) January 10, 2024
راشد خان کو آسٹریلیا میں ہونیوالی بگ بیش لیگ میں ایڈلیڈ اسٹرئیکرز کی نمائندگی کرنا تھی تاہم سرجری کے باعث وہ بی بی ایل بھی نہیں کھیل پائے تھے۔
بھارت اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 بین الاقوامی ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 11 جنوری کو پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن آئی ایس بندرا اسٹیڈیم موہالی میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 14 جنوری کو اندور جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ 17 جنوری کو بنگلور میں شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ افغانستان کی ٹیم بھارت کیخلاف مکمل ٹی 20 سیریز کھیل رہی ہے۔
بھارت کے سابق کپتان اور ٹاپ کلاس بیٹر ویرات کوہلی افغانستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ نہیں کررہے، کوچ راہول ڈریوڈ کے مطابق کوہلی نجی مصروفیات کے باعث پہلا میچ نہیں کھیلیں گے تاہم دوسرے اور تیسرے میچ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔