امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد زخمی ہوگئے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ٹیکساس کے علاقے فورٹ ورتھ میں پیر کو ایک ہوٹل میں ہونے والے دھماکے میں 21 افراد زخمی ہو گئے جس کی تصدیق ایمرجنسی میڈیکل ٹیم کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ایک شخص شدید زخمی ہے، چار کی حالت تشویشناک ہے اور دیگر کو معمولی زخم آئے ہیں۔
فورٹ ورتھ فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کریگ ٹروجاسک نے کہا کہ دھماکا گیس سلنڈر کے پھٹنے کی وجہ سے ہوا ہے لیکن ابھی تک وجہ کی تصدیق کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فائر فائٹرز نے تہہ خانے میں پھنسے لوگوں کو بھی بچایا ہے۔
ہوٹل انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ زخمیوں کی مدد کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ واقعہ کی اصل اور اس سے ہونے والے نقصان کی حد کو سمجھ سکیں، ہماری ٹیم کے اراکین اور مہمانوں کی حفاظت اور بہبود ہماری ترجیح ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم ان لوگوں کیلئے کام کر رہے ہیں جو زخمی ہوئے ہیں تاکہ اس وقت ان کی مکمل مدد کی جا سکے۔
علاوہ ازیں امریکی ریاست مینیسوٹا میں فائرنگ کا بھی ایک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
فائرنگ کا واقعہ مینیسوٹا کےشہر کلوکیٹ کے علاقے میں ہائی وے پرپیش آیا اور پولیس کے مطابق مشتبہ ملزم جائے وقوعہ پر مردہ پایا گیا۔
فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔