سرکاری وصولیوں، ڈیوٹیوں اورٹیکسوں کی وصولی کے لیے برانچیں 30اور 31دسمبر 2023 کو کھلی رہیں گی۔
مرکزی بینک سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیوں،ٹیکسوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ بینکوں کی وہ تمام برانچیں جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں، وہ متبادل ڈلیوری چینلز اور اوور دی کاؤنٹر سہولت کے ذریعے ٹیکسوں کی وصولی کے لیے ہفتہ اور اتواریعنی 30اور31دسمبر 2023 کو توسیع شدہ اوقاتِ کار میں بالترتیب شام 5:00 بجے اور رات 8:00 بجے تک کھلی رہیں گی۔
نفٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ادائیگی کی اسی دن کلیئرنگ وتصفیے کو یقینی بنانے کے لیے وہ ہفتہ 30دسمبر 2023 کو سہ پہر 3:00بجے اور اتوار 31دسمبر 2023 کو شام 5:00 بجے خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کرے۔ ٹیکس وصولیوں کے التوا کو دور کرنے کے لیے بینک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مذکورہ بالا دفتری اوقات کے دوران سرکاری وصولیوں سے متعلق دی گئی کوئی بھی دستاویز برانچ کائونٹرز پر نظر انداز نہ کی جائے اور اسے31دسمبر 2023 کی تاریخ میں مذکورہ خصوصی کلیئرنگ میں شامل کیا جائے۔
اعلامیے میں تمام بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کلیئرنگ سے متعلق اپنی برانچوں کو 30اور 31 دسمبر 2023 کو اس وقت تک کھلا رکھیں ، جو نفٹ کی جانب سے سرکاری لین دین کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت دینے کے لیے ضروری ہے۔