پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے سپریم کورٹ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں چاروں چیف سیکرٹریز، انسپکٹر جنرلز ( آئی جیز ) ، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود پارٹی امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا گیا جبکہ اس حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر کو متعدد خطوط بھی لکھے لیکن ان پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ 22 دسمبر کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے ، ہمارے امیدواروں اور رہنماؤں کو گرفتار اور ہراساں کرنے کا سلسلہ رکوایا جائے۔
عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے اور پی ٹی آئی امیدواروں کو ریلیوں اور جلسوں کی اجازت دی جائے۔
پی ٹی آئی نے توہین عدالت کی درخواست پر فوری سماعت کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔