پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے خیبر پختونخوا میں تعلیم سب کے لیےمہم کامیابی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے تعلیم سب کےلیے مہم کے تحت یتیم بچوں کے لیے مالاکنڈ میں کفالت یتیم خانہ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ جہاں یتیم بچوں کا تعلیمی اداروں میں داخلہ کروانے کے ساتھ انہیں تمام اخراجات بھی مہیا کیے گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ کفالت یتیم خانہ میں بچیوں کے لئے کلاسز کی سہولیات بھی فراہم کر دی گئیں۔ گرلز کمیونٹی سینٹر میں خواتین اساتذہ کی مدد سے بچیوں کو تعلیم دی جا رہی ہے۔ اہل علاقہ نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا حکومت کے اشتراک سے صوبے بھر میں علم کی روشنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ خیبرپختونخوا میں پاک فوج کا "علم ٹولو دا پارہ" یعنی (تعلیم سب کےلیے) پروگرام کے تحت 9 پائلٹ پراجیکٹس پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں حصہ دار بنانا ہے۔