معروف اداکارہ عائزہ خان ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران جلنے سے بال بال بچ گئیں۔ اداکارہ نے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اور ورسٹائل اداکارہ عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ نجی ٹی وی کے ایک ڈرامے کی شوٹنگ کر رہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ عائزہ خان جلتی ہوئی چادر کو پھینکتی ہیں ان کے پیچھے اداکار حمزہ علی عباسی بھی کھڑے ہیں، عائزہ جیسے ہی چادر کو پھینکتی ہیں اس کے کچھ جلتے ہوئے ٹکڑے ان کے پیروں کے قریب گر جاتے ہیں ان کا پاؤں جلتے ہوئے ٹکڑوں پر پڑتا ہے تاہم خوش قسمتی سے وہ جلنے سے بال بال بچ جاتی ہیں۔
عائزہ خان نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ اداکار بننا آسان نہیں ہوتا، جب ڈائریکٹر ’ایکشن‘ کہتا ہے تو ہم بھول جاتے ہیں کہ آگے کیا ہونے والا ہے اور صرف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید کہا کہ کبھی کبھی سیٹ پر غیرمتوقع چیزیں بھی پیش آجاتی ہیں جو آن اسکرین ناظرین کو دیکھنے کو نہیں ملتیں لیکن اللہ ہماری حفاظت کر رہا ہے اور میں اللہ کا پوری طرح شکر ادا کرنے سے قاصر ہوں۔
عائزہ خان کا کہنا ہے کہ آپ لوگوں کی طرف سے ہمیں جو پذیرائی ملتی ہے وہ بھی بے مثال ہے، ہمیشہ غیر مشروط طور پر ہماری (اداکاروں) کی حمایت اور محبت کرنے کیلئے آپ (مداحوں) سب کا شکریہ۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کا ڈرامہ ’جان جہاں‘ آن ایئر ہوچکا ہے، اس میں ناظرین کو حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان کی جوڑی کو ایک بار پھر ساتھ میں اسکرین پر دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، اس سے قبل دونوں 2013ء میں بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’’پیارے افضل‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔