مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور افادیت کے پیش نظر گوگل نے صارفین کیلئے 5 مفت کورسز کا اعلان کردیا۔
مصنوعی ذہانت اے آئی صنعتی اور تجارتی اداروں کی بنیادی ضرورت کے ساتھ ساتھ اب کاروباری اداروں سے وابستہ افراد اور پروفیشنلز کیلئے مصنوعی ذہانت سے استفادہ ناگزیر ہوچکا ہے، جسے مد نظر رکھتے ہوئے گوگل نے 5 کورسز مفت کرانے کا اعلان کیا ہے۔
گوگل کا پہلا مفت کورس مصنوعی ذہانت کے تعارف پر مشتمل ہوگا، اس میں مشین کے ذریعے سیکھنے کے روایتی عمل کی خصوصیات کی نشاندہی کی گئی ہے، ساتھ ہی انہیں رو بہ عمل لانے کے حوالے سے بھی رہنمائی کی گئی ہے۔
گوگل کا دوسرا مفت کورس کمپیوٹر کی مختلف زبانوں کے تعارف پر مشتمل ہے، یہ انٹری لیول کا کورس ہے جس کے ذریعے متجسس افراد سیکھ سکتے ہیں کہ کمپیوٹر کی مختلف زبانوں کے ماڈل (ایل ایل ایمز) سے کیسے کام لیا جاسکتا ہے، اس کے ذریعے صارف اپنی کارکردگی کا معیار بہتر بنانا سیکھ سکتا ہے۔
تیسرا مفت کورس معقول اور ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت سے متعلق ہے، اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گوگل اپنی پروڈکٹس پر معقول اور ذمہ دار مصنوعی ذہانت کا اطلاق کس طرح کرتا ہے، اس کورس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے بارے میں گوگل کے 7 بنیادی اصول بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
چوتھا مفت کورس مصنوعی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف پروڈکٹس تیار کرنے اور ان کا معیار بلند کرنے سے متعلق ہے۔ اس کے ذریعے ایل ایل ایمز کا بھی تعارف کرایا گیا ہے اور ذمہ دار مصنوعی ذہانت کے بارے میں بھی تفصیلات دی گئی ہیں۔
پانچواں مفت کورس امیج جنریشن کے بارے میں ہے، اس کورس کے ذریعے امیج جنریشن کے شعبے میں مشین لرننگ کے مختلف ماڈلز کی نوعیت اور کارکردگی سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
گوگل کی جانب سے کرائے جانے والے مفت کورز کے ذریعے صارفین آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے بہتر استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی آمدنی میں بھی اضافہ کرسکیں گے۔