پاکستان مسلم لیگ مرکزی کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں۔ ملک کا سیاسی و معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نےان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدرمحمد طارق حسن،جنرل سیکرٹری کنورارشد علی خان صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد صادق شیخ سے ملاقات اورقومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پرامیدواروں کو فائنل کرنے کے سلسلہ میں صوبہ سندھ کے اعلی سطح اجلاس کے موقع پرکیا۔
ان کاکہناتھاپاکستان مسلم لیگ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی ہرمیدان میں عوام کی نمائندہ جماعت بن کرعوام کی ترجمانی کریں گے۔عوام کو اپنے کل کے مستقبل کے لیے آج ہی فیصلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے ذمہ داران کو سیاسی سرگرمیوں میں تیزی اور رابطہ مہم بڑھانے کی تلقین کی۔
چوہدری شجاعت نے کہامسلم لیگ کے وفادار، مخلص اور بیباک کارکنان کی کارکردگی قابل ستائشں ہے انکو کبھی نظرانداز نہیں کیا جائیگا۔آزادانہ اور منصفانہ انتخابات انتہائی ضروری ہیں جن میں تمام سیاسی جماعتوں کو حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔