نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث تحریک انصاف کے 18 اشتہاری رہنماؤں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کردیے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے جن ملزمان کی شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ہیں ان میں سابق وفاقی وزیر مراد سعید، سینیٹر اعظم سواتی، حماد اظہر، اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈاپور، واثق قیوم، مسرت چیمہ، جمشید چیمہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش ہوئے بغیرقانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے، اشتہاری ملزمان شناختی کارڈ سے حاصل ہونیوالی سہولیات سے محروم رہیں گے۔
واضح رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے 18 اشتہاری رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لئے نادرا کو لسٹ ارسال کردی گئی تھی ۔ فہرست میں شامل پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے افراد مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔