مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ بھارت جموں وکشمیر کو ہڑپ کرنے کی مذموم منصوبہ بندی میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔
بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے پر کشمیریوں کی جانب سے سخت رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کشمیری رہنما اور عوام کہتے ہیں بھارتی فوج اور مودی سرکار کشمیریوں کے تشخص کوہر حال میں ختم کرنا چاہتی ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ بین الا اقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق کشمیریوں کو ہندوستان کی حکومت اور سپریم کورٹ پر اعتبار کرنے کی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا ضروری ہے۔
قبل ازیں مقبوضہ کمشیر سے متعلق بھارتی حکومت کے حالیہ اقدامات پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے عوامی رائے پر مبنی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ بھارتی حکومت کی جانب سے لوک سبھا میں متعارف کروائے گئے بل پر کشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس بل کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں اپنے ناجائز تسلط کو مضبوط کرنا اور آزاد کشمیر میں مداخلت کی راہ ہموار کرنا ہے۔