پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف پر تھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں افسوسناک شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس دوران پاکستانی بیٹر سعود شکیل نے منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کھلاڑی سعود شکیل نے اپنی ابتدائی 15 اننگز میں ہر بار 20 رنز بنانے کا منفرد اعزاز اپنے نام کر لیاہے ۔انہوں نے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 28 رنز بنائے، اس سے پہلے انگلینڈ کے خلاف 37، 76، 63، 94، 23 اور 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 22، 54، 125 اور 32 سکور کئے۔ سری لنکا میں سعود شکیل نے 208، 30 اور 57 رنز بنائے۔
یاد رہے کہ پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 360 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 89 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئی اور پولین لوٹ گئی ۔
شان مسعود نے میچ کے بعد کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب اس مقام پر آتے ہیں تو کارکردگی بہتر کرنے کی طرف نظریں جماتے ہیں ، اگر آپ کہیں کہ آسٹریلیا 110 اوورز کھیلے گا اور ہم 100 تو میں سمجھ سکتا ہوں ، ہم اس سے بہتر اور تیز بیٹنگ کر سکتے ہیں ، ہمیں 60 سے 70 رنز کی کمی کا سامنا رہا ، باولنگ کے شعبے میں میرے نزدیک ہم نے اچھی پرفارمنس دکھائی ہے ، ہم اتنا ڈسپلن نہیں دکھا سکے جتنا دکھانا چاہتے تھے ،ہمیں آسٹریلیا کے اٹیک سے یہ سبق سیکھنے کی ضرورت ہے ،بہت سے مثبت چیزیں ہیں جو ہم نے سیکھی ہیں ، یہ کبھی آسان نہیں ہوتا جب آپ دو نئے پلیئرز کے ساتھ کھیلتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ وہ میچور ہیں ، انہوں نے بہت ہی شاندار باولنگ کروائی ہے ، کسی اور دن مزید وکٹیں مل سکتی تھیں۔