ملک کے مختلف شہروں میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 16 دسمبر کو مزید ایک ہزار 634 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، وطن لوٹنے والے افغان شہریوں میں 377 مرد، 325 خواتین اور 932 بچے شامل تھے۔ افغانستان روانگی کے لیے 66 گاڑیوں میں 97 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی ہے تاہم سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 16 دسمبر مجموعی طور پر 4 لاکھ 35 ہزار 152 افغان باشندے ملک واپس لوٹ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، غیر قانونی غیر ملکیوں کی وجہ سے کراچی میں اسمگلنگ اور بھتہ خوری بہت عام تھی تاہم قابل اطمینان امر یہ ہے کہ حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں سے ملک سے غیر قانونی افراد کا انخلاء جاری ہے۔