خطے میں دہشتگردی پھیلانے اور دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی میں بھارتی کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، سنہ 1971 کی پاک بھارت جنگ بھی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتی ہے۔
جنگ کے دوران بھارت نے مکتی باہنی جیسی دہشتگرد تنظیم کو محب وطن پاکستانیوں کے خلاف حملوں میں استعمال کیا۔ معصوم لوگوں خصوصاً بہاری کمیونٹی کے محب وطن پاکستانیوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے گئے۔
سنہ 1971 میں بھارت نے مکتی باہنی جیسی دہشتگرد تنظیم کو محب وطن پاکستانیوں کے خلاف حملوں میں استعمال کیا، دہشتگرد مکتی باہنی نے نہتے اور معصوم لوگ خصوصاً بہاری کمیونٹی کے محب وطن پاکستانیوں پر وہ مظالم ڈھائے جس کی مثال نہیں ملتی۔
بہاری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ممتاز انصاری بھی ان متاثرہ پاکستانیوں میں سے ہیں جنہوں نے پاکستان کی عزت و عظمت کیلئے اپنا سب کچھ لٹا دیا، ممتاز انصاری اپنی آب بیتی سناتے ہوئے کہتے ہیں کہ سن 71 میں میں بھارت کا کردار بہت منفی رہا کیونکہ بھارت نے روزِ اول سے پاکستان کو تسلیم نہیں کیا، جنگ میں بنگالی اور بہاری برادری پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے۔
ممتاز انصاری نے کہا کہ بہاری اور مشرقی پاکستان کے لوگوں کو معلوم تھا کہ پاک فوج نے انکی حفاظت کے لئے اپنی جان، مال اور عزت سب داؤ پر لگادیا، مکتی باہنی کے دہشتگردوں نے بہاریوں سے زبردستی "جے بنگلا" کے نعرے لگوائے۔ بہاریوں کے "جے بنگلا" نہ بولنے پر مکتی باہنی کے دہشتگردوں نے ان کے منہ میں جلتے ہوئے انگارے ڈال دیے۔
ممبر بہاری کمیونٹی کے مطابق بھارت نے اپنے جرائم اور کالے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کے لئے الزام پاک فوج پر لگادیا، پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے انہوں نے کبھی بہاریوں پر ظلم نہیں کیا، میں چشم دید گواہ ہوں کہ پاک فوج کے جوانوں نے ہماری عزت و آبرو کی حفاظت کی اور لوگوں کی جانیں بچائیں۔
ممتاز انصاری نے کہا کہ دہشتگردمکتی باہنی بھارت کے ناپاک ایجنڈے پر چل رہے تھے، بھارت کو اندازہ ہے کہ وہ براہِ راست پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا جس کے باعث وہ اپنی فلموں اور ڈراموں کے ذریعے ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہمارے فوجیوں کے بارے میں غلط مواد شائع کر رہا ہے، ہم پاک فوج کے ساتھ کل بھی کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں اور تاحیات کھڑے رہیں گے۔