سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے دوران کمی ریکارڈکی گئی ہے، مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سعودی عرب کوپاکستان کی برآمدات میں اضافہ جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے اکتوبر 2023 تک کی مدت میں سعودی عرب کو برآمدات سے ملک کو214.98 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 47 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو146.77 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا،اکتوبرمیں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو65.71 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجو ستمبرمیں 54.097 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 31.94 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں سعودی عرب کوپاکستانی برآمدات کا حجم 504.15 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سعودی عرب سے درآمدات کاحجم 1.125 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21.39 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب سے درآمدات پر1.366 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔
اکتوبرمیں سعودی عرب سے درآمدات کا حجم 385.87 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوستمبرمیں 415.48 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں 226.26 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں سعودی عرب سے درآمدات پر3.324 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔