5G سپیکٹرم کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہو گیاہے ، ٹیلی کام کمپنیوں نے 2600 میگاہرٹز اور 3500 میگا ہرٹز کی پوزیشنگ کیلئے بولی لگائی۔
تفصیلات کے مطابق 2600 میگاہرٹز کی پوزیشنگ کیلئے بولی 3 مراحل میں مکمل کی گئی، 3500 میگاہرٹز کی پوزیشنگ کیلئے بولی 5 مراحل میں مکمل ہوئی۔
وزیرآئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ حکومت کو فائیو جی سپیکٹرم کی بولی سے510 ملین ڈالر حاصل ہوں گے،پاکستان میں نہ صرف فور جی بہتر ہوگا بلکہ فائیو جی متعارف ہوگا، فائیوجی نیلامی کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ 480میگا ہرٹز سپیکٹرم فروخت ہو گیا،تینوں آپریٹرز نے اپنے اپنے حساب سے سپیکٹرم خریدا،نیلامی کے حوالے سے تمام لوازمات مکمل کئے گئے،آپریٹرز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،ملکی تاریخ میں ایسے دن یاد رکھے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وہ مشکل فیصلے لئے جو کبھی تاریخ میں ہوتے نہیں دیکھے،مشکل فیصلوں کے ثمرات حاصل ہوں گے، چیئرمین پی ٹی اے نے نیلامی کو ممکن بنانے کیلئے دو سال دن رات کام کیا،پاکستان میں ساڑھے 700 سے زائد میگاہرٹز سپیکٹرم مہیا ہوچکا ہے، فائیو جی سروس کا پائلٹ پراجیکٹ آئندہ ہفتہ شروع کریں گے۔





















