چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کی۔ خصوصی عدالت نے بے ضابطگیوں اور استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظرانداز کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
یاد رہے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔