لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے سامنے پولیس گاڑی جلانے اور توڑپھوڑ کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اعجاز چوہدری سمیت دیگر تین ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کرلیا ۔
بدھ کے روز انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہرگل نے زمان پارک کے سامنے پولیس گاڑی جلانے اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت کی جس کے دوران اعجازچوہدری ،اکبرخان اور صبغت اللہ کو حاضری کے لیے پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران اعجاز چوہدری کی ویڈیو لنک پرحاضری مکمل کرائی گئی۔
ملزمان کو چالان کی کاپیاں گزشتہ سماعت پرفراہم کردی گئیں تھیں، تاہم عدالت نے تینوں ملزمان کوآئندہ سماعت پرفرد جرم کی کاروائی کے لیے طلب کرلیا۔
بعدازاں، عدالت نے مزید کارروائی 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔