رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران پاکستان کی چین کو اشیاء اور خدمات کی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران چین کو کل برآمدات 95 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد رہی ہیں، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ریکارڈ کردہ 67 کروڑ 8 لاکھ امریکی ڈالر کے مقابلے میں خاطر خواہ نمو کو ظاہر کرتی ہے۔
چین کو سالانہ بنیادوں پر پاکستانی برآمدات میں 79 اعشاریہ 7 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اسٹیٹ بینک کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم اکتوبر 2022 میں 17 اعشاریہ 7 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر اکتوبر 2023 میں 31 اعشاریہ 8 کروڑ ڈالر ہو گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر اکتوبر 2023 میں ستمبر 2023 کے مقابلے میں چین کو برآمدات میں 12 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دوسری جانب چین سے پاکستان میں درآمدات میں 10 اعشاریہ 7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ گزشتہ سال جولائی تا اکتوبر 2022-23 کے لگ بھگ 414 کروڑ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مجموعی طور پر 373 اعشاریہ 7 کروڑ امریکی ڈالر رہی۔