سیاحتی مقامات پر حالیہ حادثات کے بعد خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی متحرک ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں المناک بس حادثے اور سیاحتی مقامات پر حالیہ حادثات کے بعد خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی نے سیاحوں کی حفاظت کیلئے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔
ملکی وغیرملکی سیاحوں میں حفاظتی ہدایات پرمشتمل بروشرز اور پمفلٹس تقسیم کیے گئے، سیاحوں کودریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کردی گئی۔
ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے سیاحتی مقامات پر خصوصی آگاہی ٹیمیں تعینات کردی گئی، چکدرہ، سوات، ناران، چترال سمیت اہم سیاحتی مقامات پر آگاہی مہم جاری ہے۔
یاد رہے کہ آج خیبرپختونخوا کے علاقے دانا سر میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 40 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ معاون وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دانہ سر میں المناک مسافر بس حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں سیف اللہ جھیل کے مقام پر سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔






















